Word@Work, Let God's Word energise your working day!

اِلہٰی اَعتماد

فِلپیوں 4: 13
جو مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں میَں سب کُچھ کر سکتا ہُوں۔

مُقدس پولُس رسُول کی  بشارتی  اور رسالتی زِندگی  بظاہر  خطرات  سے بھَری پڑی تھی لیکن   وہ ما فوق اُلفطرت قوت اور حکمت سے اُن کا سامنا کرتا رہا۔ پچھلی آیات ( فِلپیوں 4: 4-12 ) میں ہم نے دیکھا ہے کہ مُقدس پولُس رسُول خطرات کے باوجود خُدا سے دُعا، اُس کی حمد کرتا اور ہمیشہ اِطمینان کی حالت میں رہتا تھا۔ وہ ہر حالت میں قناعت پسند اورمحدود اِنسانی طاقت کو تسلیم کر کے خُدا کی لامحدود قُدرت پر بھرُوسہ کرتا تھا۔ اُ س نے کبھی بھی کوئی کام اَپنی طاقت اور حِکمت سے کرنے کا دعویٰ نہیں کِیا بلکہ  ہر وہ کام کرتا تھا جو خُدا اُسے کہتا تھا۔ اُس کا اعتماد اَپنی ذات پر نہیں بلکہ خُدا کی ذات پر تھا۔   وہ اَپنی کمزوریوں میں بھی خُدا کی قُدرت کو محسوس کرتا تھا۔

مُقدس پولُس رسُول   نے (گلتِیوں 2: 20 ) میں  علمِ اِلہٰی کا منظر پیش کِیا ہے کہ "میَں مسیح کے ساتھ مصلُوب ہوا ہُوں اور اب میَں زِندہ نہ رہا بلکہ مسیح مُجھ میں زِندہ ہے اور میَں جو اَب جِسم میں زِندگی گُذارتا ہُوں تو خُدا کے بیٹے پر اِیمان لانے سے گُذارتا ہُوں جِس نے مُجھ سے مُحبّت رکھَی اور اَپنے آپ کو میرے لئے موت کے حوالے کر دِیا"۔   یہاں مُقدس پولُس رسُول اَپنی شناخت  خُداوند یِسُوع مسیح کی موت اور اُس کے جی اُٹھنے میں  بیان کرتا ہے اور اِسی کو وہ اَپنی  طاقت اور قوت سمجھتا ہے جِس میں وہ سب کچھ کر سکتا ہے۔

بطور متن  یہ یاد رہے کہ  مُقدس پولُس رسُول  قید کی حالت میں ہے۔ فِلپی کلیسیا سے مالی معاونت حاصل کرنے سے پہلے  خُدا اُس کا مُعاون اور مددگار تھا اور اَب فِلپی کلیسیا بھی اُس کے ساتھ کھڑی ہے ( فِلیپوں 4: 18 )۔  یہاں وہ مکدُنیہ کی کلیسیا کو باور کرانا چاہتا ہے کہ فِلپی کلیسیا سے بھیجے گئے  تحائف پر وہ خُوش ہے لیکن قید کی حالت میں  اُس کی طاقت خُداوند سے ہے ( فِلپیوں 4 : 11-12 )۔    یہ وہ اَندرونی رُوحانی اِطمینان ہے جو اُسے رُوح اُلقُدس کی طرف سے مِلا ہے  اور جِس سے اُس کی لمحہ بہ لمحہ راہنمائی ہوتی رہی ہے۔ یہ  ایک احساس یا دیگر اِیمانداروں کی حوصلہ اَفزائی ہی نہیں بلکہ  ہر اُس شخص کے لئے خُدا کی نعمت ہے جو مُقدس پولُس رسُول کی طرح اَپنی کمزوریوں کا اِقرار کرتے ہیں ( 2 کُرِنتھیوں 12: 9- 10 ) اور  خُداوند میں اَپنی کمزوری کو ہی اَ پنی طاقت سمجھتے ہیں۔

مَذکوُرہ آیت کا اطلاق  خُدا کی فرمانبرداری، اُس کی خِدمت اور اُن حالات میں ہوتا ہے جہاں خُدا چاہتاہے نہ کہ ہماری جسمانی خواہشات اور کامیابیوں پر۔  خُداوند یِسُوع مسیح کی قُدرت   اِیمانداروں کو اُس کی خِدمت  اور اُس کے جلال کے لئے دی جاتی ہے۔  رُوح اُلقُدس کی نعمتیں اِیمانداروں کی نمائش اور اُن کی اہمیت بڑھانے کے لئے نہیں دی جاتیں بلکہ خُدا کے جلال کے لئے دی جاتیں ہیں (فِلپیوں 4: 19 )۔  اِس کا مطلب یہ ہے کہ  ہمارے لئے کوئی ایسا اِلہٰی حُکم نہیں جِس کی ہم فرمانبرداری نہیں کر سکتے اور نہ ہی کوئی ایسا بشارتی  مشن ہے جِس کی تعمیل کرنا مُشکل ہے کیونکہ وہی ہمیں سب کچھ کرنے اور ہر آزمائش پر غلبہ حاصل کرنے کی توفیق دیتا ہے (1 کُرِنتھیوں 10: 13 )۔ اِس لئے خُداوند یِسُوع مسیح میں زِندگی بسر کرنا  اِتنا مُشکل نہیں جتنا سمجھا جاتا ہے کیونکہ اُس میں ہمیں ایسا اِلہٰی اعتماد حاصل ہوتا ہے جِس میں ہم سب کچھ کر سکتے ہیں اور اُس کی یہ قُدرت صِرف کلیسیاؤں میں ہی نہیں بلکہ ہم جہاں بھی ہُوں ہمارے ساتھ ہے تاکہ اُس کی گواہی ہو۔

Prayer 
قادرِ مُطلق خُدا ! میَں تیرا شکر کرتا ہُوں کہ تُو نے مُجھے میری کمزوریوں میں تنہا نہیں چھوڑا۔ مُجھے معاف فرما کہ بعَض اوقات میَں اَپنی کمزوریوں کا شکار ہو کر تیری خِدمت سے دُور رہا اور تیری قوت پر بھروسہ نہیں کِیا۔ میری مدد فرما کہ میَں اَپنی زِندگی میں اِلہٰی اعتماد حاصل کر کے مُقدس پولُس رسُول کی طرح ہمیشہ اُسی طاقت پر بھروسہ کروں جِس میں میَں سب کچھ کر سکتا ہُوں۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسیح کے وسیلہ سے۔ آمین
Bible Book: