Word@Work, Let God's Word energise your working day!

اَبدی جلال

فِلپیوں 4 :20
ہمارے خُدا اور باپ کی ابدُالآباد تمجید ہوتی رہے۔ آمین۔

خیرات اور ہدیہ دینے اور لینے کی بحث کے اختتام پر مُقدس پولُس رسُول خُدا کے یہوواہ یری ہونے کے لئے اُس کی تمجید کرتا ہے۔ "تمجید" بائبل مُقدس کی ایک اہم اِصطلاح ہے جِس کے مُعانی وزنی ہونا، بارُعب ہونا اور جلالی ہونا کے ہیں جو اکثر خُدا کی اِلہٰی خُوبصُورتی کے لئے اِستعمال  کیے جاتے ہیں۔ خُدا کی تمجید کرنے سے مُراد اُس قادرِمُطلق  اور پُر جلال ہونے  کو تسلیم کرنا ہے جِس سے وہ مُختلف طریقوں سے اَپنے آپ کو ظاہر کرتا ہے۔ اُس کا جلال ہمارے ادراک سے باہر ہے۔ مُقدس مُوسیٰ  اُس کے جلال  کو برداشت نہ کر سکا (خروج 33: 18-23 )؛         یسعیاہ اُس کے جلال سے خوف زدہ ہو گیا (یسعیاہ 6: 5 ) ۔ جب پہاڑ پر خُداوند یِسُوع مسیح کی صُورت  جلالی ہو گئی تو مُقدس پطرس ، یعقوب اور یوُحنا بھی اٰس کے جلال کو برداشت نہ کر سکے( یوُحنا 1: 14 ، 2 پطرس 1: 16-18 ، متی 17: 1-2 )۔ 

خُدا کا جلال  ماضی کا عجُوبہ ،  مُستقبل  کی اُمید ہے اور آج ہماری زِندگی کا مقصد ہے۔ اگر ہم خُداوند یِسُوع مسیح کی طرح خُدا کی فرمانبرداری کرتے ہیں  تو یہ اُس کے جلال کا پر تَو ہے جو ہمارے اندر اِلہٰی تبدیلی کا ثبوت ہے( متی 5: 16، اِفسیوں  1: 12 ) ۔ خُدا کے جلال کو   ظاہر کرنا  ہماری زِندگی کا فرضِ اولین ہونا چاہئے ( رُومیوں 15: 17 )۔ اور یہ ضرورت مندوں کی احتیاجیں رفع کرنے، بشارتی خِدمت میں خرچ کرنے ، پاکیزہ زِندگی اور  قناعت پسندانہ زِندگی بسر کرنے سے ہی ممکن ہے۔  خُدا کا جلال اَبدی ہے اور یہی اَبدیت کا نغمہ ہوگا اور سب اِیماندار اُس کے  اَبدی جلال میں شامِل ہوں  گے ( 1 پطرس 5: 10 )۔

لیکن  اِس کے برعکس اِنسان کی یہ فطرت ہے کہ وہ ہمیشہ اَ پنے آپ کو جلال دینا پسند کرتا ہے  جو کہ ایک فضول سوچ  ہے کیونکہ جب ہمارا جلالی خُدا ظاہر ہو گا تو اُس کے سامنے کوئی جلال نہیں ٹھہر سکے گا۔ اِس لئے  ہمیں صِرف  اُسی کے نام کو جلال دینے کا سوچنا چاہئے۔ایک مشہور مسیحی  مُفسر  جان پا ئپر یوں بیان کرتا  ہے کہ   اِنسان کے خُدا کو جلال دینے اور خُدا کا اِنسان سے جلال لینے میں کوئی تضاد نہیں پایا جاتا بلکہ  وہ جلال  کامستحق اوراُس کے جلال میں میری خُوشی ہے ( جو میَں اَپنی بشارتی خِدمت کے وسیلہ اُسے دیتا ہُوں)۔

  یہ صِرف  مُبشرین پر ہی واجب نہیں بلکہ   زِندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رَکھنے والے شخص کے لئے بھی ہے چاہے وہ تعلیم، طِب، موسیقی یا کسِی بھی شعبہ سے تعلق رَکھتا ہو۔ اُسے اَپنے کام اور کلام سےصِرف خُدا کو ہی جلال دینا ہے ( 1 کُرِنتھیوں 10: 31 )۔ اگر ہمارے اِیمان  اور گواہی کی مُخالفت بھی ہوتی ہو، تب بھی ہمیں خُدا کو جلال دینا ہے۔ ہر اِیماندار پر فرض ہے کہ وہ اَپنے طرزِ زِندگی سے  اُس کو  جلال دے۔ ہمارے حالات جیسے بھی ہوں  ہمیں  خُدا اور باپ کی تمجید  ابدُالآباد کرتے رہنا ہے ۔

Prayer 
مہربان خُدا ! میَں اِس بڑے اعزاز کے لئے تیرا شکر کرتا ہوں کہ میَں تجھے جان سکا اور اَب میَں تیرے اَبدی جلال میں داخِل ہونے کا مُنتظِر ہوں۔ مجھے مُعاف فرما کہ بعض اوقات میَں تجھے جلال دینے کی بجائے اَپنے آپ کو جلال دیتا رہا۔ مجھے توفیق دے کہ میَں بطور اِیماندار اَپنے طرزِزِندگی سے ہمیشہ تیرے نام کو جلال دوں۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسیح کے وسیلہ سے۔ آمین۔
Bible Book: