مُثبت حوصلہ اَفزائی
جِس طرح اَچھے والدین اَپنے بچوں کی جسمانی نشونما کے لئے فکرمند ہوتے ہیں اُسی طرح مُقدس پولُس رسُول بھی ایک دینی باپ کی طرح فِلپی کلیسیا کی رُوحانی نشونما کے لئے فکرمند ہے کیونکہ وہ اُس کی خِدمت کے وسیلہ خُداوند یِسُوع مسیح پر اِیمان لائے تھے (کُرِنتھیوں 4 : 15)۔ لیکن وہ اُن کا آسمانی یا رُو حانی باپ نہیں بلکہ ایک بھائی اور دوست کی طرح تھا۔ بشارتی خِدمت میں یہ ایک معیاری نمونہ ہے کہ اِنجیل کی بشارت اور نئے اِیمانداروں کی دیکھ بھال کیسے کرنی ہے اور یہ بھی کہ اُنہیں مسیحی زِندگی کیسے بسر کرنا ہے لیکن ہدایت اور راہنما ئی یہ سارا عمل مُحبّت اور حلیمی سے ہو۔
مُقدس پولُس رسُول فِلپی کلیسیا کی ایمانی بلوُغت اور اِنجیلی اعتماد کو بُہت پیار کرتا تھا (فِلپیوں 1: 4-6 )۔ وہ اِس بات پر بُہت خُوش تھا کہ فِلپی کی کلیسیا (مالی طور پر اور دُعا) میں اُس کی اور تمام کلیسیاؤں کی مدد گار تھی( فِلپیوں 4: 16-14 )۔ اِس عمل کی تقلید سے آج بھی بُہت سے مُبشرین اور مُبلغین کو جو مُختلف طریقوں اور جگہوں پر خُداوند یِسُوع مسیح کی خِدمت کرتے ہیں مالی مدد کر کے اُن کی حوصلہ اَفزائی کی جا سکتی ہے۔
فِلپی کی کلیسیا مُقدس پولُس رسُول کی خُوشی اور اُس کے سَر کا تاج تھی۔ جیسے اولمپِک کھیلوں میں فتح مندی کے اعزاز میں کھلاڑیوں کو لال پتیوں کا تاج دیا جاتا ہے ویسے ہی فِلپی کی کلیسیا کی طرف سے مُقدس پولُس رسُول کے لئے دُعائیں اور مالی معاونت اِس بات کا ثبوت تھی کہ وہ اُس کی خِدمت کا پھَل ہیں اور اُن میں یہ تبدیلی اِنجیل کی بشارت کی بدولت پیدا ہوئی تھی ۔ جِس سے اُسے بُہت خُوشی مِلی۔ مُقدس پولُس رسُول یہ جانتا تھا کہ فِلپی کلیسیا کی مالی اور دُعائیہ معاونت کے بغیر اَپنی خِدمت میں اَچھے نتائج حاصل نہیں کر سکتا تھا (فِلپیوں 4: 10 )۔ ِفلپی کلیسیا کا ماضی تو بُہت اَچھا تھا لیکن اُس کے مُستقبل سے مُطلق مُقدس پولُس رسُول کی فکر مندی اور ہدایات تھیں کہ وہ (اِبلیس، دُنیا اور جِسم ) کی آزمائشوں پر غلبہ حاصل کر کے اَپنے نجات دہندہ خُداوند یِسُوع مسیح کے لئے ہمیشہ فتح مند زندگی بسر کریں۔ جیسے پچھلی آیات فِلپیوں 3: 12-21 ) میں بیان کیا گیا ہے کہ ہم اَپنے اَچھے ماضی اور نیک اعمال کی بدولت نہیں بلکہ خُداوند یِسُوع مسیح کی صلیب کو تکتے رہنے سےہی فتح مند زِندگی بسر کر سکتے ہیں۔
مسیحی اِیمان اور خِدمت میں کسِی خاص و عام کی تمیز نہیں ہوتی بلکہ ہر شخص کی اہمیت ہوتی ہے اور ہر خادِم کو اِیمانداروں کی حوصلہ اَفزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اِیماندار مدد گار اُتنی ہی اہمیت کے حامِل ہیں جتنے خِدمتگُذار اور دونوں کی کامیابی کا اِنحصار خُداوند یِسُوع مسیح کے ساتھ جُڑے رہنے پر ہے جِس سے خُدا کی بادشاہی میں ترقی اور اُس کے نام کو جلال مِلتا ہے۔

