مُستقل شراکت داری
مُقدس پولُس رسُول نے فِلپی کلیسیا کے ساتھ حقیقی بشارتی شراکت داری کا تجربہ کِیا۔ زیرِبحث آیات آج کے اِیمانداروں کے لئے لمحہِ فکریہ ہے کہ ہمیں کِس طرح اِنجیل کی بشارت اور مُبشرین کی مالی مدد کرنی چاہئے۔ مُقدس پولُس رسُول نے فِلپی میں اِنجیل کی بشارت اور نئے اِیمانداروں کے لئے ایک تربیتی مرکز بنایا کیونکہ خُداوند یِسُوع مسیح پر اِیمان لانے کے بعد اِنجیل کی بشارت اِیمانداروں پر فرض ہو جاتی ہے۔ جب مُقدس پولُس رسُول اَپنے مشنری کام کے لئے جنُوبی یونان کی طرف سفر کرتا ہے تو فِلپی اُس وقت بھی اَپنے مشنری کلیسیا ہونے کا ثبوت دیتی ہے اور جب مُقدس پولُس رسُول اَپنی بشارتی خِدمت کے لئےتھِسّلُنیکے میں گیا جہاں کلیسیا ایذا رسانی میں تھی تو وہاں بھی فِلپی کلیسیا نے اُس کی ضروریات کا خیال رَکھا۔
مَکُدُنیہ کی کلیسیا امیر نہیں تھی لیکن جب اُنہوں نے یروشلیم کلیسیا کی ایذا رسانی اور غُربت دیکھی تو اُنہوں نے مُقدس پولُس رسُول سے دُرخواست کی کہ اُن کی مالی مدد یروشلیم کلیسیا تک پہنچائے ۔ 2 کُرِنتھیوں 8: 1-5 میں یہ واقعہ بیان کِیا گیا ہے کہ " ۔۔۔ ہم تُم کو خُدا کے اُس فضل کی خبر دیتے ہیں جو مُکِدُنیہ کی کلیسیاؤں پر ہُوا ہے۔ کہ مُصیبت کی بڑی آزمایش میں اُن کی بڑی خُوشی اور سخت غرِیبی نے اُن کی سخاوت کو حد سے زیادہ کر دِیا۔ اور میَں گواہی دِیتا ہُوں کہ اُنہوں نے مقدُور کےمُوافِق بلکہ مقدُور سے بھی زیادہ اَپنی خُوشی سے دِیا۔ اور اِس خیرات اور مقدسوں کی خِدمت کی شراکت کی بابت ہم سے بڑی مِنت کے ساتھ دُرخواست کی۔ اور ہماری اُمید کے مُوافق ہی نہیں دِیا بلکہ اَپنے آپ کو پہلے خُداوند کے اور پھِر خُدا کی مرضی سے ہمارے سپرد کِیا۔"
مُقدس پولُس رسُول کا کہنا ہے کہ اُس کی اور اُن اِیمانداروں کی جنہیں اُنہوں نے دِیکھا تک نہیں مدد کرنے کی مثال اَور کہیں نہیں مِلتی۔ لیکن جِن کلیسیاؤں نے اَپنے بھائیوں کی مدد اور دُعا نہیں کی ، وہ دینے کی برکت سے محروم رہے ۔ حقیقی شراکت داری دو طرفہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مُقدس پولُس رسُول نے اَپنے خط میں فِلپی کلیسیا کی اُس کے لئے مالی معاونت کو بُہت سراہا ہے ۔ قید میں مواصلاتی رابطے کلیدی حثیت رَکھتے ہیں۔وہ مُقدس پولُس رسُول کے ساتھ اِس لئے رابطہ میں نہیں تھے کہ اُنہیں رابطہ رَکھنا ہے بلکہ وہ رابطہ میں رہنا چاہتے تھے۔ وہ اُسے پیار کرتے اور اُس کی ضروریات کا بھی خیال رَکھتے تھے۔ مُقدس پولُس رسُول اور فِلپی کلیسیا میں یہ ایک مُستقل شراکت داری تھی ۔ جِس کی آج کاروباری حلقوں ، شادی شُدہ زِندگیوں اور خاص طور پر اِنجیل کی بشارت کے لئے اَشد ضرورت ہے۔ فِلپی کلیسیا بشارتی کاموں میں بھر پور مدد گار تھی اور بڑی مُستقل مزاجی سے مُقدس پولُس رسُول اور اُس کی بشارتی خِدمت میں ہاتھ بٹاتی رہی۔
رسالتی اور بشارتی خِدمت میں شراکت داری بُہت اہمیت کی حامِل ہے جو کہ آج آفاقی حثیت نہیں رَکھتی۔ شراکت داری میں اگر مُستقل مزاجی نہیں ہے تو یہ کسِی عارضی منصوبہ کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب مدد کرنے والے خُود با عمل اِیماندار ہوں۔ رسالت اور بشارت میں شراکت داری کا تعلق مسیحی اِیمان کے ساتھ ہے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ کسِی اَپنے عزیز ، رِشتہ دارکے لئے کر رہے ہیں۔ کِیا یہ بات آج کے اِیمانداروں کے لئے سوالیہ نشان نہیں ہے کیونکہ مُستقل شراکت داری ہی رسالتی اور بشارتی خِدمت کا وسیلہ ہے جِس سے ہم خُداوند یِسُوع مسیح کے پیروکار ثابت ہو سکتے ہیں۔

